کراچی : صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایچ پی وی (Human Papillomavirus) ویکسینیشن مہم کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی ڈونرز اور شراکت دار اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ای پی آئی سندھ کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل رضا شیخ، گاوی مشن کے سینئر پروگرام مینیجر کریگ بئیرینک، ایچ پی وی لیڈ ایملی کوبایاشی، عالمی ادارہ صحت کے ٹیکنیکل آفیسر سلویسٹر میلیگھیمی، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم اکرم، یونیسف اور دیگر اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ یہ مہم بچیوں کو سروائیکل کینسر جیسے مہلک مرض سے بچانے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مؤثر حکمت عملی، عوامی آگاہی اور اسٹیک ہولڈرز کی مکمل شمولیت کو کامیابی کی کنجی قرار دیتے ہوئے گاوی اور دیگر شراکت داروں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر راج کمار نے بتایا کہ سندھ میں مائیکرو پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے حالیہ اجلاس میں سول سوسائٹی، محکمہ تعلیم، طبی تنظیموں اور دیگر شراکت داروں کی بھرپور شرکت رہی۔
گاوی مشن کے کریگ بئیرینک نے صوبے کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ وقت میں تمام شراکت دار اداروں کو مزید فعال کر کے مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خورم اکرم نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ کو بروقت ویکسین اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
اس مہم کے تحت سندھ میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین دی جائے گی تاکہ آئندہ نسلوں کو بروقت حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے سروائیکل کینسر سے محفوظ بنایا جا سکے۔