کراچی : حکومتِ سندھ نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل (PN&MC) اسلام آباد کی ہدایات کے تحت نرسنگ گریجویٹس کے لیے ایک سالہ لازمی ہسپتال بیسڈ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چار سالہ انڈرگریجویٹ نرسنگ پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو 52 ہفتے کی ہسپتال میں عملی تربیت حاصل کرنا لازمی ہوگا، جو کہ PN&MC سے منظور شدہ ہسپتالوں میں کروائی جائے گی۔
سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ کی جانب سے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ تدریسی اسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ’’آنریری انٹرن شپ پروگرام‘‘ کو فوری طور پر شروع کریں اور تمام شرکاء کو پیشہ ورانہ، اخلاقی اور ادارہ جاتی اصولوں کی مکمل پابندی کا پابند بنائیں۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نرسنگ گریجویٹس کو عملی میدان میں بہتر تیاری کے مواقع ملیں گے، جس سے صحت کی سہولیات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔