جمعرات, فروری 5, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

محکمہ صحت سندھ میں ڈسپلنری کوآرڈینیشن سیل قائم، تادیبی کارروائیوں کی مؤثر نگرانی کا فیصلہ

کراچی : محکمۂ صحت سندھ نے سرکاری صحت کے اداروں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے، تادیبی کارروائیوں میں شفافیت اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈسپلنری کوآرڈینیشن سیل قائم کر دیا ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمۂ صحت کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ سیل اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ (ایڈمن) کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی حتمی رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں تشکیل دیا گیا ہے، جس میں سرکاری صحت کے مراکز کے ہیومن ریسورس ڈیٹا کا تجزیہ کر کے سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسپلنری کوآرڈینیشن سیل کی سربراہی ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن-I) محکمۂ صحت کریں گے، جبکہ سیکشن آفیسر (C-II) اور سیکشن آفیسر-IV بطور ارکان شامل ہوں گے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ سیل کا بنیادی مینڈیٹ سرکاری صحت کے اداروں سے موصول ہونے والی تمام تادیبی کارروائیوں کی نگرانی اور مانیٹرنگ کرنا ہوگا تاکہ ان کا بروقت، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر تصفیہ ممکن بنایا جا سکے، اور تمام کارروائیاں متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دی جائیں۔

ڈسپلنری کوآرڈینیشن سیل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، فیلڈ انچارجز اور ادارہ جاتی سربراہان کے ساتھ مربوط رابطہ قائم کرے گا، تاکہ کیسز کی مؤثر پیروی، معلومات کے تبادلے اور طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہوگا کہ تادیبی کارروائیوں میں قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے، طریقۂ کار کی خامیوں کو کم سے کم کیا جائے اور اختیارات کے غلط استعمال یا انتقامی کارروائیوں کی روک تھام کی جا سکے، تاکہ ملازمین کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ حکم نامہ سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جو 2 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ صحت کے شعبے سے وابستہ حلقوں کے مطابق یہ اقدام اگر مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا تو محکمۂ صحت میں نظم و ضبط، احتساب اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے