اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

آٹھ سالہ طالبعلم پر چھریوں کا حملہ، خونی تصادم میں آنتیں باہر نکل آئیں، عباسی شہید منتقل

کراچی : کراچی کے علاقے منگھوپیر میں ایک افسوسناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں مدرسے کے دو کم عمر طلبا کے درمیان جھگڑا خطرناک رخ اختیار کر گیا۔ 8 سالہ ابوذر پر ایک اور بچے نے چھریوں سے حملہ کر دیا، جس سے ابوذر کے سر اور پیٹ پر گہرے زخم آئے۔

ذرائع کے مطابق حملہ اس قدر شدید تھا کہ ابوذر کی آنتیں پیٹ سے باہر نکل آئیں۔ زخمی حالت میں ابوذر نے ہمت دکھاتے ہوئے اپنے پیٹ پر ہاتھ رکھ کر گھر کا رخ کیا، جہاں سے والد اور دیگر رشتہ داروں نے فوری طور پر اُسے سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد منتقل کیا۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ موٹر سائیکل پر انتہائی تشویشناک حالت میں لایا گیا تھا، ہم نے وقت ضائع کیے بغیر فوری آپریشن کیا، بچے کی حالت نازک تھی لیکن ڈاکٹروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے آپریشن تھیٹر میں اُس کی جان بچائی۔ بعد ازاں، ابوذر کو مزید علاج کے لیے عباسی شہید اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضوں کے تحت پولیس سرجن آفس سے بھی رابطے میں ہیں، کیونکہ یہ ایک ایم ایل کیس ہے۔ تاہم اُن کی اولین ترجیح بچے کی جان بچانا تھی۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ شہری حلقوں میں بچوں کے درمیان اس حد تک بڑھتے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔