جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

وقار مہدی نے کورنگی میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کورنگی کے علاقے بلال ٹاؤن میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او ہیلتھ کے ہمراہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں انہیں ڈی ایچ او کورنگی کی جانب سے پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا شکرگزار ہوں کہ مجھے اس اہم تقریب میں مدعو کیا صوبہ سندھ میں پولیو مہم 24 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اس دوران 64 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے سندھ پچھلے دو سالوں سے پولیو فری ہے جس کا سہرا پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے سر جاتا ہے، سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنے دور حکومت میں انسداد پولیو کے لیے بہت کام کیا کیونکہ وہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانا چاہتی تھیں اور اسی نظریے کو جناب صدر آصف علی زرداری اور پھر محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے اس مشن کو جاری رکھا

آج بلال کالونی کورنگی میں متعدد ایسے لوگ ہیں جو کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے جو کہ ایک قابل افسوس عمل ہے۔ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی فکر کرنی ہے کیونکہ پولیو ایک ایسا موذی مرض ہے جس سے بچہ ساری زندگی کے لیے اپاہج ہو جاتا ہے کوئی ان ماں باپ کے دل سے پوچھے جو روز اپنے معذور بچے کو دیکھ دیکھ کر جیتے اور مرتے ہیں۔

وقار مہدی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے متفقہ طور پر یہ فتوی دیا ہے کہ پولیو کے قطرے پلانا شرعی طور پر جائز ہے جو لوگ اس کو غلط کہہ کر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں دراصل وہ انسانیت کے دشمن ہیں. بلال کالونی میں 180 گھرانوں نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو قطرے نہیں پلائے گے میں ان سے درخواست کرتاہوں کہ وہ اپنے بچوں کی زندگی اور مستقبل سے نہ کھیلیں اور پولیو کے قطرے پلا کر اپنے بچوں کی زندگی اور مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ہیلتھ ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو کہ حکومت سندھ کا ٹاسک پورا کرنے میں ہماری مدد کر رہے ہیں میں اپنی پارٹی کے ہر ورکر کو یہ کہتا ہوں کہ وہ پولیو مہم میں ایک پولیو ورکرکی حیثیت سے رضا کارانہ کام کریں اس کے لئے ہمیں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہر علاقے کی مساجد کے علماء اور اسکولوں کے اساتذہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مساجد اور اسکولوں میں اس سلسلے میں لوگوں کو آگاہی دیں اور انہیں قائل کریں کیونکہ کہ ہم سب کو انسانیت کا درد رکھنا ہوگا تاکہ ہم سب بلاتفریق کام کر سکیں

تقریب میں ڈپٹی کمشنر کورنگی ڈاکٹر محمد علی زیدی، ڈی ایچ او کورنگی ڈاکٹر عبدالحئی کھوسو، صدر ڈسٹرکٹ کورنگی جاوید شیخ، انفارمیشن سیکریٹری جانی میمن، سٹی ایریا 125 کے صدر کوثر عابدی اور دیگر عہدیداران اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Avatar