الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کے پہلے مرحلے میں 50 بچوں کی اسکریننگ کی گئی۔ اسکریننگ کا اہتمام الخدمت کورنگی اسپتال میں کیا گیا ،جس میں ضلع کورنگی کلسٹر کے آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر طاہر سلیم ،ڈاکٹر عبد الوسیع ،ڈاکٹر منور ،ڈاکٹر طوبیٰ ریاض ودیگر پر مشتمل ڈاکٹروں کی ٹیم اورپیرا میڈیکل اسٹاف نے بچوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر الخدمت آرفن کیئر پروگرام اور الخدمت اسپتال کے ذمہ داران موجود تھے ۔
باہمت بچوں کو ڈاکٹرز کی تجویز کردہ دوائیں مفت فراہم کی گئیں ۔کیمپ میں بچوں کے ہمراہ ان کی مائیں اور سرپرست بھی موجود تھے۔ ڈاکٹروں نے بچوں کی آنکھوں ،دانتوں ،ناک ،کان، گلا اوردیگر جنرل امراض کے حوالے سے معائنہ کیا اور انہیں دوائیں بھی تجویز کر کے دیں، بعض بچوں کو آنکھوں اور دانتوںکے حوالے سے علاج بھی تجویز کیا گیاجو الخدمت کی جانب سے مفت کیا جائے گا ۔
ڈاکٹروں نے بچوں کو آنکھوں اوردانتوں کی حفاظت سے متعلق مفید مشورے دیئے اور صحت کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں ۔ہیلتھ اسکریننگ کیمپ میں متعدد بچوں کے ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ ٹیسٹ بھی کیے گئے ۔
دریں اثنا ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی نے کہا کہ الخدمت جہاں سیکڑوں یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، وہاں ان کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کر کے ان کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہ رہنے کااہتمام کرتی ہے۔ بچوں کی کفالت اوران کی دیکھ بھال ایک ایسا عمل ہے جو اللہ اور نبی پاک محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے پسند فرمایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نیک عمل میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے تاکہ اس نیک کام کو آگے بڑھایا جا سکے ۔یاد رہے کہ الخدمت ہر سال اپنے زیر کفالت یتیم بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کرواتی ہے ۔ماہ نومبر کے اختتام تک 1500باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جائے گی ۔