منگل, جولائی 8, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی ؛ پنجاب میں 117 افراد گرفتار

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 117افراد کو گرفتار اور769مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت منعقد اجلاس کو حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور میں 82، ساہیوال آٹھ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اورسرگودھا میں سات سات،چکوال اور چنیوٹ میں دودو،قصور اور بھکر میں ایک ایک شخص کوگرفتار کیا گیا ہے۔

بہاولپور میں ڈینگی کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ کمشنراور ڈپٹی کمشنر صورتحال کی سخت مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے اگلا ایک ماہ نہایت اہم ہے، ہائی رسک اضلاع میں ہاٹ سپاٹس پر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔

تمام افسران انسداد ڈینگی پروٹوکول پر عملدرآمد کے سلسلے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کی انتظامیہ کو خصوصی طور پر الرٹ رہنے سے متعلق ہدایا ت بھی جاری کیں۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں مریضوں کیلئے مختص بیڈزکی تعداد کو بڑھا کر 2937 کر دیا گیا ہے،879ڈینگی مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں رواں سال اب تک3661کنفرم ڈینگی کیسز اورچاراموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

لاہور میں 1486،راولپنڈی1384، گوجرانوالہ230، فیصل آبادمیں 44کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔