پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا چارج سنبھال لیا ہے چارج لینے کے بعد انہوں نے گزشتہ روز اکیڈیمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں، رجسٹرار پروفیسر ندیم قصوری، پروفیسر تسنیم عامر، پروفیسر آفتاب چودھری سمیت ڈینز اور فکیلٹی ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر نے پروفیسر خالد مسعود گوندل کو وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔
وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے مستقبل کے لائحہ عمل بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو اکیڈمک، ریسرچ، انفراسٹرکچر اور ہر سطح پر پاکستان کی بہترین یونیورسٹی بنائیں گے جس میں پی ایچ ڈی سمیت نئے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز متعارف کراوئے جائیں گے۔
انڈر گریجویٹ کے سلیبس اور معیار کو بہتر کریں گے جبکہ پوسٹ گریجویٹ میں نئے پروگرامز سمیت پی ایچ ڈی پروگرامز بھی شروع کروائے جائیں گے۔ ریسرچ کلچر کو مزید وسعت دی جائے گی اور پوسٹ گریجویٹ کے ساتھ انڈر گریجویٹ کو ریسرچ میں بھی شامل کیا جاے گا۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کیمپس میں نئے لیکچر تھیٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور مستقبل میں یونیورسٹی کے نیو کیمپس کے قیام کی منظوری کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیمپس میں پیپر لیس ماحول کو ترجیح کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جبکہ یونیورسٹی سے ملحقہ ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کو بہتر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر فیکلٹی ممبران کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی ویژن کو سراہا گیا اور ٹیم سپرٹ کے جذبے کے ساتھ یونیورسٹی کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کا عزم کیا گیا۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے تزئین شدہ گرلز کامن روم کا بھی افتتاح کیا۔