سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کی زیرصدارت ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈپٹی سیکریٹریز سمیت اور دیگر اعلٰی افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری صحت علی جان خان نے اجلاس کے دوران رواں مالی سال کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے تمام مراکز صحت میں سروس سٹرکچر اور دستیاب سہولیات کو بہتر کرنے کے لیے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں زیر توسیع تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چک جھمرہ کو 60 سے 120 بیڈ تک کا اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکرٹری علی جان خان نے اجلاس میں رواں سال کے دوران قائم کئے جانے والے نئے رورل ہیلتھ سنٹرز کے سروس سٹرکچر کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام مراکز صحت پر بائیو میٹرک سسٹم اور کیو مینجمنٹ سسٹم کو مکمل فعال کیا جا رہا ہے۔ اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے فیس ریکگنیشن سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے۔
علی جان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفس کی ترقیاتی اور انتظامی امور میں کپیسٹی بلڈنگ کے لیے کام جاری ہےجبکہ 1034 رورل ایمبولینس سروس میں مزید گاڑیاں سروس میں شامل کی جا رہی ہے۔ رورل ایمبولینس سروس میں 200 سے زائد مزید گاڑیاں شامل کرنے سے پہلے سے زائد مریض سہولت استعمال کر سکیں گے۔
سیکرٹری صحت پنجاب نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کے لیے رواں مال سال میں خصوصی فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا کہ تمام تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں میڈیکل لیگل کیس رپورٹ آٹومیٹک طریقہ کار پر مرتب کی جاتی ہیں۔ ریموٹ فرانزک سین کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی موبائل وہیکل بھی تیار کی جا رہی ہے جبکہ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو صحت کی خدمات کی فراہمی کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس کو بروئے کار لایا جائے گا۔