اتوار, جولائی 6, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

شراب کو شہد قرار دینے والے ڈاکٹر کے لئے 21 گریڈ کا اعزاز

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی شراب کو شہد قرار دینے والے ڈاکٹر زاہد حسن انصاری کو حکومت سندھ نے ریٹائرمنٹ کے بعد اعزازی طور پر 21 گریڈ سے نواز دیا۔

حکومت سندھ نے اس سلسلے میں منگل کو اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق صوبائی سلیکشن بورڈ نمبر 1 کی سفارش اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے محکمہ صحت کے گریڈ 20 کے پیتھالوجسٹ ڈاکٹر زاہد حسن انصاری کو ان کی قابل تحسین خدمات پر گریڈ 21 تفویض کیا جاتا ہے ۔

اعلامیے کے مطابق صوبائی سلیکشن بورڈ نمبر 1 کی خصوصی انتخابی کمیٹی نے سول سرونٹ رول (تعیناتی، ترقی اور تبادلے) 1974 کی شق 7 اے کے تحت 22 اکتوبر 2021 کو سفارش کی تھی اور اسی تاریخ سے انہیں گریڈ 21 تفویض کیا جاتا ہے ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر زاہد حسن انصاری 3 دسمبر 2021 کو ریٹائر ہوگئے اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد 11 جنوری 2022 کو انہیں اعزازی گریڈ دے دیا گیا ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ستمبر 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری آمد سے قبل کراچی کے تین اسپتالوں میں اچانک دورہ کرکے سیاسی قیدیوں کے علاج کے بہانے قائم کیے گئے وی وی آئی پی وارڈز کا معائنہ کیا تھا۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اچانک اسپتالوں کے دورے کے موقع پر

سابق چیف جسٹس نے کلفٹن میں قائم ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال کے ایک کمرے میں اچانک چھاپہ مارا جہاں شرجیل میمن داخل تھے اور کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا تھا ۔ اس موقع پر کمرے سے شراب کی بوتلیں، سگریٹس اور منشیات برآمد ہوئی تھی۔

شرجیل میمن کے کمرے سے برامد شراب

جب بوتلوں کے تجزیے کرائے گئے تو اس وقت کے چیف کیمیکل ایگزامنر ڈاکٹر زاہد حسن انصاری نے رپورٹ جاری کر دی کہ سیل شدہ بوتلیں کیمیکل لیباریٹری بھیجی گئی تھیں ان میں سے ایک بوتل میں شہد اور دوسری میں زیتون کا تیل موجود تھا۔ اس موقع پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ڈاکٹر زاہد حسن انصاری ہتھیلی پر بوتل سے نکالا نمونہ چکھ کر اسے شہد قرار دے رہے تھے ۔

شرجیل میمن اسپتال میں

بعد ازاں سندھ حکومت نے مبینہ شراب کی بوتلوں کا کیمیکل معائنہ کرنے والے چیف کیمیکل ایگزامنر ڈاکٹر زاہد انصاری کو معطل کردیا۔سندھ حکومت کااعلامیے میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر زاہد انصاری نے غیر روایتی طریقہ کار کے تحت کیمیکل معائنہ کیا جس کے بعد انہیں چیف کیمیکل ایگزامنر کے عہدے سے معطل کردیا گیا ہے جب کہ انہیں سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹادیا گیا تھا۔

یوں حکومت سندھ نے شرجیل انعام میمن کی شراب کو شہد کی سند دینے پر ڈاکٹر زاہد حسن انصاری کو 21 گریڈ سے نواز دیا۔