اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ماں اور بچوں نوزائیدہ کی صحت میں انقلابی خدمات کا عالمی اعتراف، پاکستان اور آغا خان یونیورسٹی کے لیے تاریخی لمحہ

کراچی: آغا خان یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار اے بھٹہ کو عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ورچو پرائز 2025 سے نوازا گیا ہے۔ یہ باوقار ایوارڈ انہیں ماں، نوزائیدہ بچوں اور بچوں کی صحت میں برابری، پالیسی سازی، اور تحقیق کے ذریعے ان کی عمر بھر کی قیادت پر دیا گیا۔ اس سال کا اعزاز وہ جنوبی افریقہ کی معروف محقق پروفیسر قریشہ عبدول کریم کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کر رہے ہیں۔

ورچو پرائز، جو ورچو فاؤنڈیشن کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے، دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں انفرادی اور اجتماعی کامیابیوں کو سراہتا ہے، خصوصاً وہ اقدامات جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے ویژن “سب کے لیے صحت” کے مطابق ہوں۔ یہ ایوارڈ عالمی سطح پر صحت کے شعبے کا ایک بلند ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے۔

ورچو پرائز کمیٹی نے ڈاکٹر بھٹہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دہائیوں پر محیط قیادت، تحقیق اور پالیسی سازی نے عالمی صحت کے نظام کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اُن کا کام اُن کمزور طبقات کو مرکز میں لاتا ہے جو روایتی نظاموں سے ہمیشہ باہر رکھے گئے۔

ڈاکٹر بھٹہ نے 1400 سے زائد سائنسی مقالے شائع کیے اور وہ ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور پارٹنرشپ فار میٹرنل، نیونیٹل اینڈ چائلڈ ہیلتھ (PMNCH) جیسے عالمی اداروں میں اہم مشاورتی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی تحقیق نے جنوبی ایشیا، سب صحارا افریقہ اور بحران زدہ علاقوں میں ماں اور بچے کی شرح اموات کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ورچو پرائز کمیٹی کے مطابق ڈاکٹر بھٹہ نے بنیادی طبی نگہداشت، کمیونٹی پر مبنی ماڈلز، بڑے پیمانے پر رینڈمائزڈ ٹرائلز، اور نازک و محروم علاقوں میں امپلیمینٹیشن ریسرچ کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔

ایوارڈ کے موقع پر ڈاکٹر بھٹہ نے کہا کہ یہ ایوارڈ اُن تمام طلبہ، ساتھیوں اور محققین کا اعتراف ہے جنہوں نے میرے ساتھ مل کر دنیا بھر کی خواتین اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کی۔

صدر آغا خان یونیورسٹی، ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے اس اعزاز کو ادارے کے لیے “فخر کا لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بھٹہ کی لگن اور قیادت آغا خان یونیورسٹی کے مشن کی حقیقی عکاسی کرتی ہے۔ اُن کی کامیابی تحقیق اور سماجی انصاف کے امتزاج کی بہترین مثال ہے۔

یہ کامیابی نہ صرف ڈاکٹر بھٹہ اور آغا خان یونیورسٹی کے لیے، بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اہم بین الاقوامی اعتراف ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی ماہرین عالمی سطح پر صحت جیسے حساس میدان میں قیادت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔