اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جامشورو ڈی ایچ کیو اسپتال میں کرپشن، سہولیات کا فقدان، عوام کا احتجاجی کیمپ، عوامی عدالت لگانے کا اعلان

جامشور :  کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹری، جامشورو میں علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کا بدترین فقدان، شہریوں کا صبر جواب دے گیا۔ اسپتال کی بدانتظامی اور ایس ایم کی مبینہ کرپشن کے خلاف عوام نے تین روز سے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے، لیکن اسپتال انتظامیہ اور ضلعی ہیلتھ حکام مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

مظاہرین کے مطابق اسپتال میں نہ دوائیں دستیاب ہیں، نہ ہی ایمرجنسی میں بنیادی سہولیات ہیں، اسپتال کا عملہ مریضوں سے ناروا سلوک کرتا ہے، جبکہ ہسپتال کا کروڑوں روپے کا سالانہ بجٹ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم تین دن سے سراپا احتجاج ہیں، لیکن انتظامیہ کی کان پر جوں تک نہیں رینگی، صورتحال سے تنگ آ کر شہریوں نے اب ہسپتال کے مرکزی دروازے پر عوامی عدالت لگانے کا اعلان کر دیا ہے، جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور کرپشن کے ثبوت سامنے لائیں گے۔

مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر صحت سندھ اور سیکریٹری صحت سے فوری طور پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور سینئر مینیجمنٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو ہم سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی ایچ کیو کوٹری کی حالت زار پر فوری نوٹس لیا جائے، کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں، مریضوں کو مفت ادویات اور مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے