مری : حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ساملی گورنمنٹ اسپتال مری کے کارڈیک وارڈ کو سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے نام سے منسوب کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر قیصر عباسی نے باقاعدہ طور پر محکمہ صحت پنجاب کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے رہنمائی طلب کی گئی ہے۔ یہ خط ڈپٹی کمشنر مری کے دفتر کی ہدایات کی روشنی میں تحریر کیا گیا ہے۔
ڈی سی مری کے دفتر کی جانب سے 9 جولائی کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مری کے حالیہ دورے کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسپتال کے امراضِ قلب کے وارڈ کو نواز شریف کے نام سے منسوب کیا جائے۔ ایم ایس کے مطابق، انھوں نے یہ خط اسی دن ہی محکمہ صحت کو روانہ کیا تاکہ حکومتی احکامات پر بروقت عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی خدمات کو سراہنا ہے بلکہ مری جیسے سیاحتی مقام پر موجود صحت کی سہولیات کو حکومتی توجہ کا مرکز بنانا بھی ہے۔ مزید پیش رفت اور محکمہ صحت کی منظوری کے بعد کارڈیک وارڈ کی باقاعدہ نامزدگی کی تقریب متوقع ہے۔