جمعہ, جولائی 4, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

لیاقت کالج آف میڈیسن میں اسرائیلی مظالم اور بھارتی جارحیت کے خلاف تقریب

کراچی: لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کے آڈیٹوریم میں اسرائیل کے غزہ میں مظالم اور بھارت کی ممکنہ جارحیت کے حوالےسے تقریب منعقد ہوئی جس میں تقریباً چار سو طلباء، اساتذہ اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔

تقریب کے مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر نوید رشید قریشی اور پروفیسر ڈاکٹر عرفان اشرف شامل تھے، جبکہ پینلسٹس میں پروفیسر ڈاکٹر ناہید نجمی، پروفیسر ڈاکٹر مالک عبد المالک، پروفیسر ڈاکٹر عرفان اشرف اور پروفیسر ڈاکٹر نصرت شامل تھے۔

تمام مقررین اور پینلسٹس نے متفقہ طور پر اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر کیے جانے والے ظلم و ستم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مظالم انسانی، مذہبی اور سماجی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف لگائے گئے بھارتی الزامات کو بھی شدید مسترد کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان غیر انسانی مظالم کا فوری نوٹس لے۔

تقریب کے دوران پینلسٹس نے خصوصی طور پر سینیٹر عامر ولی الدین چشتی (چیئرمین، لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری) اور ڈاکٹر علی فرحان رضی (وائس چیئرمین) کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس اہم تقریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔

سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے خطاب کرتےہوئے کہاپاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اس کے قیام کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بے مثال جانی اور مالی قربانیاں دیں۔ آج اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کرے گا تو ہم اپنی عظیم فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ڈاکٹر علی فرحان رزی نے کہا کہ ہم سب پاکستانی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جب بھی وقت آیا، ہم اپنے وطن کی حرمت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔