لاہور: نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم شاہدرہ میں تھیلیسیمیاء کے دو متاثرہ بچوں کے گھر گئے۔گزشتہ روز متاثرہ بچوں کی والدہ پروین بی بی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی سے طبی امداد کی درخواست کی تھی۔ سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، ڈائریکٹرجنرل مدثر ریاض ملک، ایڈیشنل سیکرٹری عامر شفیق، ڈائریکٹر لاہور مبشر جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر اشرف جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب تھیلیسیمیاء کے دو متاثرہ بچوں مہوش اور عادل کے مکمل علاج و معالجہ کے اخراجات برداشت کرے گی۔ دونوں متاثرہ بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے جناح ہسپتال کے سینئر پروفیسروں اور ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بطور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج بھی متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل کورڈی نیشن میں تھا۔ متاثرہ بچوں کی والدہ پروین بی بی نے فوری دادرسی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کیا۔