کراچی : ڈی ایچ او سینٹرل کے وارڈ سرونٹ سید سعد حسین نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے احکامات کو ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا ہے۔ معطلی کے بعد صرف تین دن ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کے دفتر حاضر ہوئے اس کے بعد غائب ہوگئے جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کا عملہ ان کی حاضری یقینی بنانے اور ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کو اس بارے میں آگاہ کرنے سے قاصر ہیں۔
یاد رہے کہ ناظم آباد نمبر 2 کے رہائشی کنور احسن علاؤ الدين نے ڈائر یکٹر جنرل ہیلتھ سروسز حیدرآباد کو ایک درخواست دی تھی جس میں انہوں نے تحریر کیا تھا کہ انہوں نے اپنے میڈیکل اسٹور کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سینٹرل کے ڈرگ لائسنس برانچ سے رجوع کیا اور برانچ کی انچارج ڈاکٹر حرا ظہیر کے اسسٹنٹ وارڈ سرونٹ سید سعد حسین کے پاس کاغذات جمع کر دیئے جس کی انہیں جعلی ریسیونگ بنا کر دی گئی۔ جب انہوں نے ڈرگ لائسنس کا مطالبہ کیا تو ان سے ایک لاکھ روپے طلب کیے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی ایچ او سینٹرل میں جعلی ڈرگ لائسنس کے اجراء پر وارڈ سرونٹ سید سعد حسین معطل ؛ ڈاکٹر حرا ظہیر پر ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کی مہربانیاں
یہ بھی پڑھیں : ڈی ایچ او سینٹرل نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ؛ ڈاکٹر حرا ظہیر اور سعد حسین تاحال ڈی ایچ او آفس براجمان
درخواست گزار کے مطابق ایک لاکھ روپے رشوت کے عوض انہیں ڈرگ لائسنس تو بنا کر دے دیا گیا لیکن یہ موجودہ اور نئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہ محمد شیخ کے بجائے سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مظفر اوڈھو سے بنوا کر دیا گیا ہے۔ اب وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ یہ ڈرگ لائسنس اصل نہیں اور جعلی ہے۔ اگر اصل ہے تو اس کی جانچ کی جائے اور اگر جعلی ہے تو انہیں نیا لائسنس بنا کر دیا جائے۔ درخواست گزار نے سرکاری فیس کے علاوہ لئے گئے پیسوں کی واپسی کے مطالبے کے ساتھ سید سعد حسین کے خلاف کاروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے ضلع وسطی میں جعلی ڈرگ لائسنس کے اجراء اور بھاری رشوت کی وصولی کی شکایت پر وراڈ سرونٹ سید سعد حسین کو معطل کر دیا تھا اور معطی کے دوران اس کا ہیڈ کوارٹر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے دفتر کو قرار دیا تھا تاہم سید سعد حسین نے ان احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور صرف تین دن ڈائریکٹر آفس بیٹھنے کے بعد اب غائب ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سے یہ بات پوشیدہ رکھی گئی ہے کیونکہ وہ اس حوالے سے سخت کاروائی سمیت سید سعد حسین کا دوسرے ضلع میں تبادلہ کرسکتے ہیں۔