کراچی : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے ضلع وسطی کے وارڈ سرونٹ سید سعد حسین کو معطل کر دیا تھا لیکن ڈاکٹر شاہ محمد شیخ تاحال سید سعد حسین ڈرگ لائسنس کے کاغذات وصولی کا کام لے رہے ہیں۔ جمعرات کو بھی وہ اس کام میں مصروف رہے اور پرانے ڈی ایچ او آفس میں کمپیوٹر پر کام کرنے کی ان کی ویڈیو ہیلتھ ٹائمز نے حاصل کر لی۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حرا ظہیر سے بھی تمام چارج واپس لے کر انہیں ڈینٹل کلینک سندھ گورنمنٹ ڈسپنسری غریب آباد میں تعینات کر دیا تھا لیکن ڈاکٹر حرا ظہیر بھی ڈینٹل کلینک کے بجائے ایم سی ایچ سینٹر ناظم آباد میں ویکسینیشن سپرنٹنڈنٹ سید محمد کاظم رضوی کے دفتر میں بیٹھتی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ڈاکٹر حرا ظہیر ڈینٹل کلینک میں ہفتے میں ایک عاد بار ایک دو گھنٹے کے لئے چلی جاتی ہیں اس کے بعد ایم سی ایچ سینٹر ناظم آباد آ جاتی ہیں۔ جمعرات کو بھی ڈاکٹر حرا ظہیر وہیں تھیں۔
یاد رہے کہ ڈی ایچ او سینٹرل میں جعلی ڈرگ لائسنس کے اجراء اور نوکریوں کا جھانسہ دے کر بھاری رشوت کی وصولی کے حوالے سے ہیلتھ ٹائمز نے گزشتہ روز دو خبروں کی اشاعت کی تھی۔ دونوں خبروں میں جن الزامات کا ذکر کیا گیا وہ دو مختلف افراد نے شکایتی درخواست کے ذریعے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حرا ظہیر اور وارڈ سرونٹ سید سعد حسین پر لگائے تھے۔ دونوں خبروں میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کی جانب سے مذکورہ افراد کے ساتھ نرمی برتنے بالخصوص ڈاکٹر حرا ظہیر پر مہربانیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی ایچ او سینٹرل میں جعلی ڈرگ لائسنس کے اجراء پر وارڈ سرونٹ سید سعد حسین معطل ؛ ڈاکٹر حرا ظہیر پر ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کی مہربانیاں
ہیلتھ ٹائمز نے ان خبروں میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کا موقف شامل نہیں کیا تھا جس پر ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے نمائندہ ہیلتھ ٹائمز سے رابطہ کرکے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2 جنوری کو ہی ڈاکٹر حرا ظہیر سے تمام چارج واپس لے کر انہیں ڈینٹل کلینک سندھ گورنمنٹ ڈسپنسری غریب آباد میں بحیثیت ڈینٹل سرجن تعینات کر دیا تھا اور ڈی ایچ او آفس میں ان کے دفتر کو تالا لگا کر انہیں ڈینٹل کلینک میں غریب مریضوں کی خدمت کرنے کا پاپند کیا تھا۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے مطابق وہ ڈاکٹر حرا ظہیر کی حاضری بھی چیک کرتے ہیں لیکن اگر اس کے باوجود وہ مریضوں کی خدمت کے بجائے ڈی ایچ او سینٹرل آفس میں آرہی ہیں تو وہ ان کے خلاف کاروائی کریں گے اور ڈی ایچ او سینٹرل سے وضاحت طلب کریں گے۔ ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز کے سخت موقف کے بعد بھی ڈاکٹر حرا ظہیر اور سید سعد حسین کا ان کے احکامات پر عمل نہ کرنا اور ڈی ایچ او سینڑل ڈاکٹر شاہ محمد شیخ کا احکامات پر عمل کرانے کے بجائے خلاف ورزی کرنا نہ کرانا براہ راست ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی اتھارٹی کو چیلنچ کرنے کے مترادف ہے۔