کراچی : پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیر زمان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ سول اسپتال ٹھٹھہ کے سامنے ایمبولینسوں کے پاس کھڑے ان کی خستہ حالی پر بات کر رہے ہیں ۔ خیر شیر زمان ویڈیو میں ایمبولینسوں کی طرف اشارہ کرکے بتا رہے ہیں کہ یہ بے شمار ایمبولینسیں کھڑی ہیں جو سڑ گل رہی ہیںاور سندھ حکومت عوام کا پیسہ اس طرح پیسہ ضایع کر رہی ہے ۔
ویڈیو میں خرم شیر زمان کا مذید کہنا تھا کہ پورے صوبے میں کوئی زخمی ہو جاتا ہے تو ایدھی ،چھیپا اور دیگر رفاحی اداروں کی ایمبولینسیں ہوتی ہیں لیکن حکومت نے عوام کے ٹیکس سے جو ایمبولینسیں لی ہیں ان کا یہ حال ہے ۔ صوبے کے اسپتالوں میں ایمبولینسیں نہیں ملیں گی لیکن یہ یہاں گل سڑ رہی ہیں ۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں نےحکومت سندھ کے محکمہ صحت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے لی جانے والی ایمبولینسوں کا یہ حال ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایمبولینسوں کو اس حال میں پہنچانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا بیان سامنے آگیا ہے جس میں ان کا کہناہے کہ سندھ حکومت رواں سال سندھ کے تمام اضلاع میں سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی توسیع کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔اس سلسلے میں سندھ حکومت پہلے ہی سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کو 52 جدید ایمبولینسیں دی چکی ہے جن میں گھوٹکی میں 10، میر پور خاص میں 17، کشمور کندھ کوٹ میں 10، شکارپور میں 5، شہید بینظیر آباد میں 10، اور 5 گاڑیاںجیکب آباد چلائی جا رہی ہیں۔جن کو رجسٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں پیرا میڈیکس کو وسیع تربیت فراہم کرنے کا کام بھی جاری ہے جو سندھ کے عوام کی خدمت کے لیے ان ایمبولینسوں میں سوار ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق جمعہ کو پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خرم شیرزمان اپنی سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ مکلی سول ہسپتال کے پارکنگ ایریا میں گھس گئے اور عملے کی درخواست کے باوجود کہ پہلے وہ اجازت لیں ان ایمبولینسز کی فلم بندی شروع کر دی ۔ ٹیم نے عملے کے ساتھ بدتمیزی کی ۔محکمہ صحت سندھ اور SIEHS سینئر پی ٹی آئی رہنما کے منفی رویے کی مذمت کرتے ہیں اور معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔