کراچی : ہورائزن اسکول آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز ، پاکستان نرسز اینڈ مڈوائفز فاؤنڈیشن اورپاکستان بشپ کونسل کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت تینوں ادارے نرسنگ کی تعلیم و تربیت کے لئے تعاون کریں گے ۔
اس سلسلے میں ایک تقریب ہورائزن اسکول آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوئی جس میں ہورائزن اسکول آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز کی چیف ایگزیگیٹیو آفیسر ڈاکٹر منیبہ خان یوسفزئی، پاکستان نرسز اینڈ مڈوائفری فاؤنڈیشن کی صدر پروین اسلم امداد، پاکستان بشپ کونسل کےچیئرمین بشپ خادم ، اسلام آباد سے آئے بشپ وریم مسیح اور بشپ جاوید الیاس نے شرکت کی ۔
مفاہمتی یاداشت کے تحت پاکستان اور پاکستان سے باہر نرسنگ کے طلبا کی تعلیم و تربیت میں تعاون کیا جائے گا ۔ طلبا کو وظائف کے ساتھ اسکالر شپس بھی دی جائیں گے تاکہ وہ بہتر طریقے سے تعلیم حاصل کر سکیں اور انہیں کسی قسم کی مالی پریشانی نہ ہو۔ تینوں ادارے نرسنگ کے طلبا کی کاؤنسلنگ بھی کریں گے اور کسی بھی قسم کی پریشانی کے موقع پر رہنمائی فراہم کریں گے ۔
تقریب میں بڑی تعداد میں نرسنگ کے طلبا نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر اسلام آباد سے تشریف لائے مہمانوں کو ہورائیزن اسکول آف مڈوائفری اینڈ ہیلتھ سائنسز کے تمام شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا۔
اسلام آباد سے آئے بشپ وریم مسیح نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ انہیں اسکول کی کارکردگی پر بریفننگ بھی دی گئی ۔ تقریب کے اختتام پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے ۔