منگل, جولائی 8, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ میں نرسنگ کی نئی داخلہ پالیسی سے دیگر صوبوں کے طلبا کے لئے نجی کالجز میں داخلہ بند


سندھ میں نرسنگ کی نئی داخلہ پالیسی نے دیگر صوبوں کے طلبا کےلئے سندھ میں نرسنگ کی تعلیم وتربیت کے دروازے بند کر دیئے ہیں ۔ محکمہ صحت سندھ نے 5 ستمبر 2022 کو صوبے کے نجی نرسنگ کالجز کے لئےداخلے کی پالیسی کا اجراء کرتے ہوئے ایک نیا معیار قائم کر دیا ہے جس کے تحت صرف سندھ کے ڈومیسائل رکھنے والوں کو کالجز میں داخلہ دیا جائے گا ۔ نئی داخلہ پالیسی نے دیگر صوبوں کے ہزاروں طلبا کو پریشان کر دیا ہے ۔

پرائیویٹ نرسنگ انسٹی ٹیوٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے نئی داخلہ پالیسی کے خلاف پیر کو کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں ایسوسی ایشن کے صدر قیوم مروت،جنرل سیکریٹری جیمز واٹ، نذر آفریدی ، محمد اسلم خان ، شیر خان ، کنیز فاطمہ ، عبدالواحد ، رسول بخش، عبدالناصر خان سمیت نجی کالجز کے مالکان اور نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اسکول مالکان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نرسنگ کاشعبہ پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے، اسپتالوں میں نرسز کا فقدان ہے ، اس پر سندھ حکومت نے ڈومیسائل کی شرط رکھ دی ہے جس سے دیگر صوبوں کے طلبا کے ساتھ ان کے لئے بھی پریشانی پیدا ہوگئی ہے اور ان کے لئے کالجز کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے نجی کالجز میں پہلے سندھ کے ڈومیسائل والے طلبا کو داخلہ دیا جاتا ہے اور بچ جانی والی نشستیں دیگر صوبوں کے طلبا کو دی جاتی ہیں لیکن سندھ ڈومیسائل کی شرط سے نئے طلبہ و طالبات کامستقبل خطرے پڑگیاہے ۔

مالکان و نمائندوں نے مذید کہا کہ قومی دھارے میں سرکاری اداروں سے زیادہ نجی ادارے ہیں جن کی شرح 70 فیصد ہے ۔ سندھ نے نہ صرف سندھ بلکہ دیگر صوبوں کے طلبا کو بھی نرسنگ کی تعلیم دے کر ان صوبوں میں نرسز کی کمی کو پورا کیا ہے تاہم اس نئی پالیسی سے نجی نرسنگ ادارے کالجز کو نہیں چلا پائیں گے جس سے ملک میں نرسز کی مذید کمی کا خدشہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بچ جانے والی نشستوں پر اگردیگر صوبوں کے ہونہار طلبا کو داخلہ دیا جاتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ۔ ان بچوں کو تعلیم سے روکنا سراسر ناانصافی ہے۔ تعلیم سب کے لیے ہونی چاہئے ۔ہمارا مقصد تمام صوبوں کے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ اس حوالے سے ہم سندھ حکومت کے اس اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی علی احمد جان نے نرسنگ کالجزکے تحفظات کوحل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی ہے امید ہے چند دنوںمیں نوٹی فیکیشن واپس لے لیا جائے گا۔

ایسوسی ایشن نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگر نئی داخلہ پالیسی کومنسوخ کرتے ہوئےڈومیسائل کی شرط ختم نہ کی گئی تو وہ سندھ بھر میں احتجاج کریں گے ۔