کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ پلمونالوجی کے زیر اہتمام 33 ویں سالانہ پروفیسر عبدالعزیزپوسٹ گریجویٹ کورس کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی صدی کے بیسٹ گریجویٹ سابقہ پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج پروفیسر محمود علی ملک تھے جبکہ گیسٹ آف آنر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل تھے۔
اس موقع پر پروفیسر خالد وحید، پروفیسر صولت اللہ خان، پروفیسر ثاقب سعید، پروفیسر سلمان ایاز اور شعبہ پلمونالوجی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمود علی ملک کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں آنا میرے کئے فخر کی بات ہے میں جب بھی اپنے مادر علمی میں آتا ہوں اپنا زمانہ یاد آ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ جس قدر محنت سے سیکھیں گے اتنی ہی مہارت حاصل کریں گے۔سیکھنے سکھانے کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کا شرکا سے خطاب میں کہنا تھا کہ اچھا ڈاکٹر وہ ہے جسے مریض کی ہیسٹری لینے کا فن آتا ہو کسی بھی مرض کی تشخیص کے لئے ہیسٹری بہت اہم ہوتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پروفیسر صولت اللہ خان اور پروفیسر شمشاد رسول جیسے استادوں کا ملنا قابل تعریف ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ کوویڈ کے زمانے میں جو محنت شعبہ پلمونالوجی کے ماہرین نے کی ہم آپ کے مشکور ہیں آپ لوگ ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔پروفیسر ثاقب سعید کا ریسرچ میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کی عزت آپ کو دنیا میں بھی عزت دلاتی ہے اور آخرت میں بھی عزت دلاتی ہے اور یہ ہی مقصد حیات ہونا چاہیے۔