پیر, جولائی 7, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

بغیر وقفے کے بچوں کی پیدائش ماں اور بچے دونوں کیلئے نقصان دہ ہے ؛ ڈاکٹر یاسمین راشد

صوبایی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں فیملی پلاننگ کے حوالے سے ورلڈ بنک کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ہمارا بنیادی مقصد کوالٹی فیملی پلاننگ کی سروسز فراہم کرنا ہے۔ پنجاب بھر میں مانع حمل ادویات کے استعمال سے فیملی پلاننگ کا مشن کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ ہم مانع حمل ادویات کی ڈیمانڈ اور سپلائی کو توازن میں لانے کیلئے ہر طرح کی کاوشیں کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ہوٹل میں عالمی بنک کے زیراہتمام پنجاب فیملی پلاننگ کے عنوان پراہم آگاہی کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔کانفرنس کے دیگر سٹیک ہولڈرز میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور پی این ڈی شامل ہیں ۔ کانفرنس کا مقصد فیملی پلاننگ سیکٹر کے گیپ اینالیسز کے بعد پالیسی میں ترمیم کرنا تھا۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر فرخ نوید ، ڈاکٹر ہارون جہانگیر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈاکٹر اختر رشید، ڈاکٹر اطہر، پروفیسرجاویدچوہدری ودیگرنے شرکت کی۔ ڈاکٹر زیبا ستار، ڈاکٹر یاسمین قاضی ، ڈاکٹر تابندہ سروش، ڈاکٹر فوزیہ اسد نے آن لائن شرکت کی ۔عالمی بنک کی جانب سے پریکٹس مینجرگیل رجسٹرڈسن،سینیئرہیلتھ سپیشلسٹ مانوبتھاری و دیگر افسران کانفرنس میں موجود تھے ۔

پاکستان میں فیملی پلاننگ سے متعلق تمام منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے مختلف انڈیکیٹرز پر بات چیت کی گئی جبکہ کانفرنس کے دوران پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ صحت کی کاوشوں کوسراہاگیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا مذید کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خصوصی تربیت کی جارہی ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ اور آگاہی سے اس کام کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا دورحاضرکا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ آج آبادی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے سب سٹیک ہولڈرز کیلئے اہم دن ہے۔ بغیر وقفے کے بچوں کی پیدائش ماں اور بچے دونوں کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ بغیر وقفے کی پیدائش سے ماں بچے دونوں میں آئرن کی کمی دیکھنے میں آتی ہے۔ پاکستان میں بچے کی پیدائش کے بعد خون کی کمی اموات کی بہت بڑی وجہ ہے۔ بچوں میں پیدائش کے دوران کم ازکم تین سال کا وقفہ بہت ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے بچے کی پیدائش کے بعد دوسال تک بچے کو ماں کا دودھ لازمی پلائیں۔ بچے کو پیدا ہونے کے بعد ماں کا وقت درکار ہوتا ہےجس کیلئے وقفہ ازحد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے کی ہر طرح ذہنی اور جسمانی نشوونما کیلئے ماں کی توجہ بہت ضروری ہوتی ہے۔ قرآن پاک میں ماں کو خصوصی حکم دیا گیا ہے کہ کم ازکم دو سال دودھ لازمی پلائیں۔ میں عالمی بنک کی بہت شکر گزار ہوں کہ آٹھ ماہ پہلے والے آئیڈیا کو آج اس مرحلہ پر لے آئے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ آج کے سیشن میں ہمیں بہت اچھے آئیڈیاز ملیں گے ، ان کو عملدرآمد کرانے سے ہمارا مشن کامیاب ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عالمی بنک کے تعاون سے فیملی پلاننگ سروسز پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔ صحت مند پنجاب کیلئے ورلڈ بنک کے ساتھ مل کر جامع پالیسی پر کام کریں گے۔