پیر, جولائی 7, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا اورڈائریکٹر عاقب جاوید کا عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ ؛ تھیلیسیمیا کے بچوں کے لئے خون کا عطیہ

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا اورڈائریکٹر وسابق فاسٹ بولر عاقب جاویدنے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کیا ۔تھیلیسیمیا کے بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔

انہوں نے تھیلیسیمیا کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور ان کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے روحِ رواں و معروف ماہر ِ امراضِ خون ڈاکٹر ثاقب انصاری،معروف صحافی یحییٰ حسینی،طفیل احمد،بابر اعوان،حامد الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔دورے کے موقع پر عاطف رانا اور عاقب جاوید نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ بھی دیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف رانا اور عاقب جاوید نے کہا کہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن بلا شبہ بہت بڑی خدمت انجام دے رہی ہے۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے آج ہمیں یہاں مدعو کرکے تھیلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کا علاج معالجہ،انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی اور پاکستان سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کی کوششیں قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہیں۔ ملک سے تھیلیسیمیاکے خاتمے کی کوششوں میں تمام طبقات کو عمیرثناءفاؤیڈیشن اور ڈاکٹر ثاقب انصاری کا ساتھ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے خون کا عطیہ دے کر قوم کے نوجوانوں کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ وہ بھی تھیلیسیمیاکے بچوں کو اپنے خون کا عطیہ دیں تاکہ کسی کی جان بچائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں خون کے عطیات میں کمی ہوجاتی ہے جس سے مریض بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ خون کے عطیات دینے سے صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا اس لئے جوان افطار کے بعد دل کھول کر خون کے عطیات دیں ۔ انہوں نے متاثرہ بچوں میں لاہور قلندر کی شرٹس بھی تحفتاً تقسیم کیں ۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن آمد پر عاطف رانا اور عاقب جاوید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عمیر ثناء فائونڈیشن نے ملک سے تھیلیسیمیاکے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے۔ہم تھیلیسیمیافری پاکستان کے خواہاں ہیں۔