میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلبا نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے خلاف جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے ۔ اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔
طلبا کا کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن چاہتی ہی نہیں ہے کہ میرٹ پر کوئی ڈاکٹر بنے۔ داخلہ ٹیسٹ میں نصاب سے ہٹ کر سوالات پوچھے گئےجبکہ دوران ٹیسٹ انٹرنیٹ کی فراہمی معطل ہونے سمیت ٹیبلٹ کی چارجنگ بھی ختم ہونے کی شکایت کی لیکن نگران امتحانات شکایات دور کرنے کے بجائے یہ کہتے رہے کہ فیل تمام طلبا نے ہونا ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ نتیجہ آنے پر ہمیں پی ایم سی داخلہ ٹیسٹ کی جوابی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کیا جائے، آن لائن پی ایم سی داخلہ ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیا جائےاور میڈیکل کالجز میں داخلہ ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے۔