ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پنجاب میں نشہ کے عادی افراد کے بحالی مراکز میں صحت کی فراہمی کے کم ازکم معیارات کی منظوری

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی نے ذہنی امراض اور نشہ کے عادی افرادکے علاج وبحالی مراکز کے فراہمیِ صحت کے کم ازکم معیارات کی گزشتہ روز منظوری دے دی۔ پی ایچ سی کے دفتر میں گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی صدارت کنوینرٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کی،جس میں کمیٹی کے اراکین نے ویڈیو لنکس کے ذریعے بھی شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ سی ڈاکٹرمحمد ثاقب عزیز نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایکٹ کی رو سے صحت کی خدمات کے کم ازکم معیارات طے کرنے اور اس حوالہ سے مشاورتی عمل میں کمیٹی کے اہم کردار کو سراہا اور ٹیک کے اراکین کا شکریہ بھی ادا کیا۔انھوں نے اراکین کو انکی تجاویز،مریضوں کی مکمل دیکھ بھال اورقوانین پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرو ائی جس سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہونگی۔

ڈاکٹر ثاقب عزیزنے بتایاکہ حال ہی میں منشیات کے علاج وبحالی کے غیر قانونی مرکز کے خلاف کارروائی کی گئی اور 80مریضوں کوعلاج کے نام پر استحصال اور ظلم سے نجات دلائی۔ سی ای او کمیشن نے مذید کہا کہ ان معیارات کو طے کرنے اور ان پر عملدر آمد کروانے سے ایسے مراکز کا خاتمہ ہو گا اور قانونی و معیاری مراکز کی حوصلہ افزائی ہوگی جبکہ پی ایچ سی تما م غیر قانونی مراکز کے خلاف کارروائی کر تا رہے گا۔

مزید برآں ڈائریکٹر کلینیکل گوورننس ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا نے کمیشن کے مقاصد، کارکردگی اورذہنی امراض اور نشہ کے عادی افرادکے علاج وبحالی مراکز کے فراہمیِ صحت کے کم ازکم معیارات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ کمیشن نے اب تک مختلف اقسام کی 14علاجگاہوں کے معیارات طے کرلیے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی کیا جارہاہے۔

ذہنی امراض اور نشہ کے عادی افرادکے علاج وبحالی مراکز کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس علاجگاہ کے شعبہ جات میں داخلہ سے لیکرمریضوں کے علاج اور صحتیابی تک کے تمام مراحل کا مکمل احاطہ کیا گیا ہے۔اس مو قع پر ٹیک اراکین نے تجاویز دینے کے ساتھ ساتھ معیارات کو بنانے میں کمیشن کے کردار کو سراہا۔