ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

خاتون اول بشریٰ بی بی کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کا دورہ

خاتون اول بشریٰ بی بی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کا دورہ کیا۔وہ شعبہ حادثات سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈزمیں گئیں اورذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ مریضوں کی عیادت بھی کی۔ ہسپتال انتظامیہ نے خاتون اول کو مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر خاتون اول نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اورچیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اشرف سے مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات اور کھانے پینے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ خاتون اول نے ہسپتال میں بنائے گئے کچن کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو دیئے جانیوالے کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ کھانے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے دریافت کیا کہ کیا انسٹی ٹیوٹ میں دی جانیوالی سہولیات سے مریض مطمئن ہیں اور آپ کس طرح سے اس کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں ۔اس حوالے سے انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ مریضوں کو بہتر سہولیات دینے کے حوالے سے تحریری طور پر اپنی تجاویز فراہم کریں۔

ہسپتال کی انتظامیہ نے خاتون اول کو بتایا کہ مریضوں کو ناشتہ،دوپہر کاکھانا،پھل،شام کی چائے،رات کا کھانا اور دیگر نیوٹریشنز دی جاتی ہیں تا کہ ان کی ذہنی صحت کو مستحکم بنایا جا سکے ۔ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ آئندہ سال جون سے قبل ہسپتال میں شروع کئے گئے منصوبے جن میں بلڈنگز کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات شامل ہیں، مکمل کرلئے جائینگے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کوڈرگز کے عادی مریضوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔خاتون اول نے ہسپتال میں ذہنی مریضوں کیلئے قائم کئے گئے مختلف بلاکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں انہیں دی جانیوالی علاج معالجہ کی سہولیات کی مکمل معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پودا بھی لگایا۔