حکومت سندھ نے پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کو جناح اسپتال کا ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر تعینات کردیا ہے ۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ نے منگل کواعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول کی خدمات کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ صحت کے حوالے کیا جاتا ہے اور انہیں تین سال کے لئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر تعینات کیا جاتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کی اسسٹنٹ پروفیسر آف سرجری گریڈ 18کی حیثیت سے لی جانے والی لیئن منسوخ کی جاتی ہے ۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر سیمیں جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت نے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کو اسپتال کا لک آفٹر چارج دیا تھا جسے منگل کو ختم کرکے پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کو مستقل ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا۔