لاہور : وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے پنجاب اور بلوچستان کے منتخب اضلاع میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز سے متاثرہ افراد کے سماجی رویوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور ان کے بلڈ ٹیسٹ کروانے کے لئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی حکومت پاکستان کے تحت فیلڈ ٹیموں کے سات روزہ ٹریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ محکمہ صحت نے پنجاب کی 43 جیلوں کے 52 ہزار قیدیوں کی ایڈز، ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے بلڈ سکریننگ کا کام مکمل کر لیا ہے ۔پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر راولپنڈی کی چار یونین کونسلوں میں ہیپاٹائٹس کے مکمل خاتمے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے بارے اس سروے کے انعقاد کے نتیجے میں ان امراض کی روک تھام کے لئے اب تک کئے گئے اقدامات کے نتیجہ خیز ہونے کا تعین کیا جا سکے گی اور ان نتائج کی روشنی میں نئی حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔
افتتاحی تقریب سے یواین ایڈ کی کنٹری ڈائریکٹر یوکی ٹکمیٹو اور یو این ڈی پی کی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ہیتھر ڈائل نے بھی خطاب کیا۔ ہیلتھ اکیڈمی کی ڈاکٹر مریم سرفراز، ڈاکٹر شاہ ہیرالہی، ڈاکٹر سائمن عزرایاہ، اور کیپٹن ڈاکٹر عثمان علی خان نے سروے کے اغراض و مقاصد اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریب میں ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل ، ایڈز کنٹرول پروگرام پنجاب کے انچارج ڈاکٹر فاروق، بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر سلطان احمد لہڑی، ڈاکٹر عابد غوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔