اتوار, جولائی 6, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

نیوروسرجیکل کئیر میں وینٹی لیٹر کی اہمیت پر سروسز اسپتال لاہور میں آگہی ورکشاپ

سروسز ہسپتال کے شعبہ نیوروسرجری کےزیر اہتمام نیوروسرجیکل کئیر اور اس میں وینٹی لیٹر کی اہمیت ، دماغی چوٹ اور رسولیوں کے حوالے سے رپورٹ ہونے والے مریضوں کے علاج میں مددو معاونت کی فراہمی کے حوالے سے ورکشاپ منعقد کی گئی ۔

ورکشاپ کی صدارت پروفیسر آف نیورو سرجری سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن ڈاکٹر فوزیہ سجاد نے کی جبکہ مہمان خصوصی معروف نیورو سرجن اور سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر طارق صلاح الدین تھے اس موقع پر ڈاکٹرز اور دیگر طبی ماہرین نے ورکشاپ میں شرکت کی ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر صلاح الدین نے موضوع کی مناسبت سے لیکچر دیتے ہوئے حاضرین پر آئی سی یو مینجمنٹ کو سیکھنا لازمی قرار دیا ۔ان کا کہنا تھا سر کے شدید صدمے کے مریضوں اور دماغ کے ٹیومر کی طویل سرجری کے مریضوں کو وینٹیلیشن کی ضرورت ہوتی ہے اور نیورو سرجیکل سے تعلق رکھنے والے والوں کی تربیت وینٹی لیٹرز سے واقفیت رکھنے کے بغیر نامکمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب سر کی چوٹ اور دماغی رسولی کے طویل آپریشن کا مریض نیورو سرجری میں رپورٹ ہوتا ہے تو اس کے دماغ کو سکون دینے کے لیے وینٹی لیٹر کے حوالے کیا جاتا ہے تاکہ آپریشن کے دوران اس کا دماغ پرسکون رہے اور اس کی سرجری احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ جائے ۔

انہوںنے بتایا کہ جدید ممالک میں آئی سی یو کے ماہر افراد دستیاب ہیں لیکن پاکستان جیسی ترقی پذیر ممالک میں نیورو سرجن اینستھیسٹسٹ کے ساتھ مل کر خود کو منظم کرتے ہیں اس لیے ان کے پاس اس سے نمٹنے میں مہارت ہونی چاہیے۔

اس موقع پر پروفیسر فوزیہ سجاد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نیورو سرجیکل کیئر میں نیورو کریٹیکل کیئر کا انحصار واقفیت کے ساتھ ساتھ ان وینٹی لیٹرز کو چلانے کے طریقہ پر بھی ہےان کو معلوم ہونا چاہیے کہ مریض اگر وینٹی لیٹر پر ہے تو اس کا انتظام کیسے کریںاور مریض کی ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرز کی سیٹنگز کو کیسے تبدیل کیا جائے۔