جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

لاہور جنرل اسپتال کی سالانہ رپورٹ جاری ؛ 21 لاکھ سے زائد مریض مستفیض

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 70 ہزار سے زائد مریضوں کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹر آصف جاوید، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اس سالانہ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔

سالانہ رپورٹ کے اجراء کے موقع پر پروفیسر الفرید ظفر اور ڈاکٹر خالد بن اسلم

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز سے کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کا علا ج معالجہ،دیکھ بھال اور صحت یابی کے لئے اقدامات اُن کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ ہسپتال اور طب کی دنیا میں مریض ہی سب سے اہم ہوتا ہے اور پورا نظام اس کی صحت یابی کے گرد گھومتا ہے لہذا ہر پل مریضوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اوربہترین دیکھ بھال و خوش اخلاقی سے پیش آ کر نیکیاں سمیٹیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ ایل جی ایچ اس حوالے سے بہت خوشگوار روایت کا امین ہے اور انہیں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ ایم ایس سمیت انتظامی ڈاکٹرز تمام شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ مسلسل کو آرڈینیشن رکھا کریں تاکہ ہسپتال آنے والے کسی شخص کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر فوکل پرسن ایمر جنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتایا کہ یکم جولائی 2021 سے 30 جون 2022 تک شعبہ حادثات میں 10 لاکھ 31 ہزار 642 مریض لائے گئے جنہیں بر وقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ادویات، سی ٹی سکین، آپریشن کا سامان و دیگر تشخیص ٹیسٹ مفت کیے گئے۔

ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آؤٹ ڈور میں11 لاکھ 38 ہزار 405 مریضوں کا طبی معائنہ ہواجبکہ اس دوران 74210 مریضوں کو داخل کر کے علاج کیا گیا اور اس عرصے کے دوران مختلف نوعیت کی 30925 سرجری ہوئی اور 18107 مریضوں کے بلا معاوضہ ڈائلسز کیے گئے۔

ایم ایس نے بتایا کہ 5756 افراد کی گیسٹرو سکوپی ہوئی اور 2914 فائبرو سکین، 737 مریضوں نے نیورو انجیو گرافی سے استفادہ حاصل کیا، نیز 52561 سی ٹی سکین اور 1583 مریضوں کی شعاعوں سے گردوں کی پتھری، 140670 مریضوں کے الٹرا ساؤنڈ اور 85096 ایکسرے ہوئے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے ہسپتال کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین محنت، فرض شناسی سے دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں اور اس سال کی طرح آئندہ بھی تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کو مثالی ادار ہ بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔