جناح اسپتال کراچی کے سرجنز نےایک بڑا اور حساس آپریشن کرکے زخمی شخص کی جان بچالی ۔ زخمی کو اسپتال کے سرجیکل آئی سی وی میں داخل کر دیا گیا ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کو اس کی زندگی کے لئے اہم قرار دیا جارہا ہے ۔

گزشتہ روزلانڈھی کے رہائشی 32سالہ آفتاب شاہ کو جناح اسپتال لایا گیا جس کے سرمیں آنکھ کے قریب بائیں جانب ایک بڑا چھرا گھونپا گیا تھا جو آنکھ کے قریب سے ہوتا ہوا دماغ کے پاس سے گزرا تھا ۔ زخمی کو ابتدائی طور پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایکسیڈنٹ اینڈ ٹراما سینٹرلایا گیا لیکن سہولت نہ ہونے اور ایم آئی آر مشین خراب ہونے کے باعث اسے جناح اسپتال ریفر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں جناح اسپتال کراچی کے ڈاکٹروں نے نوجوان کے سر سے سریا نکال کرجان بچا لی

جناح اسپتا ل کراچی کے نیوروسرجن ڈاکٹر صدیق ، آئی سرجنز ڈاکٹر محبوب داد، ڈاکٹر سوہااور ای این ٹی سرجن ڈاکٹر فراز نے نرسز اور پیرامیڈیکس کے ہمراہ ساڑھے 3گھنٹے طویل آپریشن سرانجام دیا اور اس کی آنکھ اور دماغ کو محفوظ رکھتے ہوئے خنجر نکال کر جان بچا لی ۔ سرجنز کے مطابق چونکہ زخم بہت گہرا تھا اس لئے مریض کی زندگی کے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

جناح اسپتال کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے سرجنز کی کاوش کو سراہا اورکامیاب آپریشن پر انہیں مبارکباد دی ۔ان کا کہنا تھا کہ جناح اسپتال کراچی میں پورے پاکستان سے مریضوں کو لایا جاتا ہے جنہیں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور اسپتال میں دن بدن سہولیات کو بہتر کیا جارہا ہے جبکہ جدید مشینیں بھی نصب کی جارہی ہیں ۔

پروفیسر شاہد رسول کا مذید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اسپتال کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا ہے جس پر ان کے مشکور ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ مریضوں کو کوئی پریشانی نہ ہو اور کوئی مریض بھی صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے جناح اسپتال سے واپس نہ بھیجا جائے ۔