پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہورکی جانب سے ”وومنز ایمپاورمنٹ اینڈ انٹرنیشنل ویمن ڈے“کی تقریب منعقد کی گئی جس کی بطورمہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدتھیں ۔ اس موقع پر صدرپی ایم اے لاہورپروفیسر اشرف نظامی،نائب صدر پروفیسر خالد محمود خان ،جنرل سیکرٹری پروفیسر شاہدشوکت ملک،لیڈی نائب صدرڈاکٹرارم شہزادی، لیڈی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹربشری حق اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداموجودتھی۔
تقریب کے دوران پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور مقررین کی جانب سے باصلاحیت اور باہمت خواتین کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہورپروفیسراشرف نظامی نے استقبالیہ خطاب میں وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور تمام با ہمت خواتین کی آمدپرشکریہ اداکیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنےتقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے بطورایک خاتون وزیرہمیشہ سپورٹ کیاہے۔مجھے ایک خاتون ہونے پر فخرہے۔با صلاحیت اور باہمت خواتین کے اعزازمیں شاندارتقریب منعقدکرنے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو مبارکبادپیش کرتی ہوں۔پاکستان میں خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوارہی ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ بطورایک بڑی بہن اپنے گھرمیں ہمیشہ بھائیوں کو ساتھ لے کرچلی ہوں۔دین اسلام میں خواتین کے حقوق پر زوردیاگیاہے۔خواتین کو عزت اور برابری کا درجہ دئیے بغیردنیاکا کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے والدین نے گھرمیں کبھی بھی بچوں کو بچیوں پر فوقیت نہیں دی تھی۔والدین کو ایک بیٹی کی پیدائش پرخوش ہونا اور اللہ پاک کا شکراداکرناچاہئے۔ بیٹیوں کی اچھی تربیت ہروالدین کا بنیادی فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو معاشرہ میں باعزت زندگی گزارنے کا طریقہ والدین سکھاتے ہیں۔اللہ پاک نے حضرت محمد ﷺکی آل ان کی بیٹی حضرت بی بی فاطمۃ الزہراؑ سے شروع کی۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ اپنی بیٹی حضرت بی بی فاطمۃ الزہراؑ کے ادب میں کھڑے ہوجاتے تھے۔عرب میں جاہل لوگ بیٹیوں کو زندہ دفن کردیاکرتے تھے۔ہماری خواتین دنیامیں ہرجگہ محنت کررہی ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ پنجاب میں تمام نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجزمیں اپ گریڈ کرکے بڑی خوشی ہوئی ہے۔خواتین کو بطورماں اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرکے بہترین معاشرہ کو جنم دیناہےایک خاتون بطور ماں اپنے بچوں کیلئے دنیاہلاکررکھ دیتی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار500میل نرسزبھرتی کئے گئے ہیں۔آج کی تقریب میں باصلاحیت اور باہمت خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں۔
اس موقع پر صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور پروفیسراشرف نظامی نےتقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی ہمیشہ سرپرستی کی ہے۔معاشرہ کی ترقی کیلئے مردوخواتین کے فرق کو ہمیشہ کیلئے ختم کرناہوگا۔پاکستان کی آبادی میں 11کروڑ27لاکھ سے زائدخواتین شامل ہیں۔آج ہمیں خواتین کے خلاف تعصبانہ سوچ کوختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ہمیشہ معاشرہ کی بہتری کی بات کی ہےڈاکٹریاسمین راشدہمیشہ ڈاکٹرزکے حقوق کیلئے لڑیں ہیںآج خواتین کی شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سیاست میں خواتین کو اپنا کردارنبھانے کا پوراموقع دینے پر موجودہ حکومت کو سراہتاہوں۔
تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے نمایاں خواتین میں یادگاری شیلڈزبھی تقسیم کیںجبکہ پروفیسراشرف نظامی نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو یادگاری شیلڈپیش کی۔