کراچی : پاکستان کی ممتاز معالج اور متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کی یاد میں انڈس یونیورسٹی ہسپتال کراچی میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا، جس میں شعبۂ طب کی معروف شخصیات، سماجی رہنما، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے چیئرمین عبدالکریم پراچہ، صدر ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او ڈاکٹر سید ظفر زیدی، ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر شفیق حیدر، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اشعر عالم اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ مقررین نے ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کی متعدی امراض کے علاج، تحقیق اور روک تھام کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے اپنی پوری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت اور طب کی بہتری کے لیے وقف کیے رکھی۔ ریبیز اور تپ دق جیسے امراض کے خلاف ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جبکہ انہوں نے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے کہا کہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین اصولوں پر کبھی سمجھوتا نہیں کرتی تھیں اور ان کی پیشہ ورانہ وابستگی نوجوان ڈاکٹروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ صدر انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ ان کا مشن اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ عبدالکریم پراچہ نے “ڈاکٹر نسیم صلاح الدین سینٹر آف ایکسیلینس برائے انفیکشس ڈیزیز” کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز متعدی امراض کے علاج، تحقیق اور تربیت کے میدان میں ان کے وژن کو آگے بڑھائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔


