جمعہ, مئی 29, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جناح اسپتال کراچی کے واش روم میں بچے کی مبینہ پیدائش، انتظامیہ کی تردید، انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان

کراچی : جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی میں مبینہ طور پر واش روم میں بچے کی پیدائش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو اور خبریں گردش کر رہی ہیں جس پر اسپتال انتظامیہ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کی ڈلیوری لیبر روم میں ہوئی، جبکہ واش روم میں بچے کی پیدائش کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضہ نادیہ زوجہ اکرم کو گائنی ایمرجنسی میں لائے جانے پر ڈیوٹی ڈاکٹرز نے فوری طبی معائنہ کیا اور مریضہ کے بہترین مفاد میں نارمل ڈیلیوری کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق خاتون نے رات 2 بج کر 50 منٹ پر لیبر روم میں صحت مند بچے کو جنم دیا۔

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ دورانِ علاج مریضہ میں پلیٹ لیٹس کی کمی اور دیگر پیچیدہ طبی مسائل بھی سامنے آئے، جس پر انہیں زیر نگرانی رکھا گیا، تاہم بعد ازاں اہل خانہ مریضہ کو ڈاکٹروں کے مشورے کے برخلاف اسپتال سے لے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے وقت ایمرجنسی عملہ متعدد پیچیدہ کیسز، نارمل ڈیلیوریوں، سیزیرین آپریشنز اور خون کی منتقلی جیسے معاملات میں مصروف تھا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور عوامی ردعمل کے بعد جناح اسپتال انتظامیہ شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے، جبکہ شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے اسپتال میں انتظامی غفلت اور سہولیات کی کمی پر سوالات اٹھائے ہیں۔

اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ہدایت پر واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔