جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ویژن کے تحت صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر، سیکریٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر محمد یونس نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈاکٹر محمد یونس نے ہسپتال میں قائم پولیو فکس ٹیم کا بھی جائزہ لیا اور جاری انسدادِ پولیو سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے شعبہ بیرونی مریضاں (او پی ڈی)، شعبہ اندرونی مریضاں، ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے طبی تشخیص، مریضوں کے علاج اور ادویات کی دستیابی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

سی ای او ڈی ایچ اے جھنگ نے ہسپتال میں موجود شہریوں اور زیرِ علاج مریضوں سے براہِ راست گفتگو کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات اور عملے کے رویے سے متعلق استفسار کیا۔ مریضوں کی جانب سے دی جانے والی آراء کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد یونس نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ ہسپتال میں موجود تمام وسائل اور سہولیات کو مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جائے اور عوام کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل صحت سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن عوام کو دہلیز پر بہتر علاج فراہم کرنا ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


