پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ کے خلاف سینیٹ میں تحریکِ استحقاق، سنگین بدانتظامی و ضابطہ خلاف ورزیوں کا الزام

اسلام آباد : حکومتِ سندھ کے محکمہ صحت کے سیکریٹری ریحان اقبال بلوچ کے خلاف سینیٹ میں باقاعدہ تحریکِ استحقاق جمع کرا دی گئی ہے، جس سے ان کی انتظامی کارکردگی اور طرزِ عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ تحریک پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر جام سیف اللہ خان کی جانب سے جمع کروائی گئی، جبکہ اس معاملے کو سینیٹ کے چیئرمین نے قواعد و ضوابط اور استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قواعدِ کار و استحقاق کا اجلاس جمعہ 19 دسمبر 2025 کو دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کمیٹی روم نمبر 1 میں منعقد ہوگا، جس میں ریحان اقبال بلوچ کے مبینہ مس کنڈکٹ اور ضابطہ جاتی خلاف ورزیوں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریکِ استحقاق میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سیکریٹری صحت سندھ نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جو نہ صرف سینیٹ کے وقار بلکہ پارلیمانی نگرانی کے اصولوں کے بھی منافی ہیں۔ تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اہم بات یہ ہے کہ اسی اجلاس کے ایجنڈے میں دیگر اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف بھی استحقاق کی تحریکات شامل ہیں، تاہم ریحان اقبال بلوچ کا معاملہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ اس کا تعلق براہِ راست سندھ کے صحت کے نظام، اربوں روپے کے ترقیاتی و انتظامی فیصلوں اور عوامی مفاد سے جڑا ہوا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق سینیٹ میں اس سطح پر کسی صوبائی سیکریٹری کے خلاف تحریکِ استحقاق آنا غیر معمولی پیش رفت ہے، جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ معاملہ محض انتظامی اختلاف نہیں بلکہ سنگین نوعیت کے ضابطہ جاتی انحراف سے متعلق ہے۔

کمیٹی اجلاس میں تحریک پیش کرنے والے سینیٹرز، متعلقہ حکام اور ممکنہ طور پر سیکریٹری صحت سندھ کو بھی مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سندھ کا محکمہ صحت پہلے ہی بدانتظامی، کرپشن کے الزامات اور گورننس کے مسائل کی زد میں ہے، اور ریحان اقبال بلوچ کے خلاف یہ تحریک صورتحال کو مزید حساس بنا رہی ہے۔