گوجر خان: صوبائی وزیرِ صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے سے متعلق براہِ راست استفسار کیا۔ مریضوں کی آراء کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ صحت و آبادی اسماء ناز عباسی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ بھی صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے ہسپتال کے امور اور انتظامی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔


