پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ میں پولیو مہم کے لیے سخت احکامات — وزیرِ صحت کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کا حکم

کراچی : محکمہ صحت سندھ نے دسمبر نیشنل انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو سخت اور جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ احکامات وزیرِ صحت سندھ کی جانب سے دی گئی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جاری کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر راج کمار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان ہدایات پر ”سچی روح اور اصل معنی“ میں عمل درآمد مہم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام ویکسینیٹرز کے لیے صبح کی بریفنگ اور شام کی ریویو میٹنگ میں بغیر کسی استثنیٰ شرکت لازمی ہوگی۔ یونین کونسل سطح پر حاضری یقینی بنانے کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد کی گئی ہے۔

Screenshot

تمام اضلاع کو پابند کیا گیا ہے کہ کوئی بھی پانچ سال سے کم عمر بچہ اگر OPD کے لیے ہیلتھ فیسلٹی آئے تو اسے سب سے پہلے اورل پولیو ویکسین دی جائے۔ اس کے ساتھ روٹین امیونائزیشن بھی بچے کی اہلیت کے مطابق فوراً مکمل کی جائے اور ہیلتھ فیسلٹی انچارجز کو اس ہدایت پر سختی سے عمل کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مہم کے دوران خاص توجہ زیرو ڈوز بچوں پر دی جائے گی، تاکہ 100 فیصد کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ کولڈ چین سسٹم کی درستگی، درجہ حرارت کی مسلسل مانیٹرنگ، اور ریکارڈ کی مکمل ڈاکیومنٹیشن یقینی بنائی جائے۔ کوئی بھی خراب یا غیر فعال کولڈ چین سامان فوری طور پر مرمت کیا جائے۔ ویکسین کی افادیت برقرار رکھنے کے لیے درمیانی دن میں کول پیک تبدیل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ضرورت پڑنے پر برف کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

مزید احکامات کے مطابق سپروائزرز کو فیلڈ مانیٹرنگ اور اچانک اسپارٹ چیک کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ڈسٹرکٹ EPI فوکل پرسنز ہر شام کی ریویو میٹنگ میں شرکت یقینی بنائیں اور روزمرہ مسائل موقع پر حل کریں۔ یہ مراسلہ سیکریٹری صحت، ڈی جی ہیلتھ سندھ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ امیونائزیشن، ای او سی سندھ، تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔