پیر, دسمبر 15, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈی ایچ او سینٹرل کے تحت خسرہ روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی مہم کے لئے آگہی سیمینار

کراچی : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیس سینٹرل کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کے لیے 17 نومبر 2025 سے شروع ہونے والی مہم کے سلسلے میں ایڈووکیسی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار میں وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نعیم قائمخانی، سابق رکنِ قومی اسمبلی اور ہلالِ احمر کے چیئرمین ریحان ہاشمی، معروف مزاحیہ اداکار سلیم آفریدی، سماجی کارکن یونس آمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، ڈاکٹروں، اساتذہ اور فنکاروں نے شرکت کی۔

شرکا میں ڈاکٹر خالد زبیری، ڈاکٹر درّے شہوار، ڈاکٹر سمی اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے ارکان بھی شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسی بیماریوں سے بچاؤ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی ویکسینیشن میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ان امراض کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلع وسطی ڈاکٹر فرقان نبیل خان نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں خسرہ، روبیلا اور پولیو کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت سندھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی، لہٰذا والدین ان ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ڈاکٹر فرقان نبیل کے مطابق 17 نومبر سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران ضلع وسطی میں 5 لاکھ 65 ہزار 155 بچوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا، جس کے لیے 1500 سے زائد ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔ سیمینار کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور محکمہ صحت ضلع وسطی کی جانب سے ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا۔