کراچی : قومی انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈویژن ڈاکٹر ثاقب شیخ نے گڈاپ ٹاؤن میں یونین کونسل 06 معمار آباد اور سندھ گورنمنٹ اسپتال سیون اے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو ٹیموں، طبی عملے اور مقامی برادری سے ملاقاتیں کیں۔
ڈاکٹر ثاقب علی شیخ نے موقع پر موجود ٹیموں کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں کام کرنے والے ہی اصل ہیروز ہیں جو مشکل حالات کے باوجود قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے ساتھ ساتھ بچوں کو وٹامن اے کیپسول کی فراہمی بھی ان کی صحت مند نشوونما کے لیے ضروری ہے، اور اس ضمن میں محکمہ صحت کی کوششیں جاری ہیں۔
دورے کے دوران ڈاکٹر ثاقب علی شیخ نے بیمار اور انکاری بچوں کے گھروں کا بھی معائنہ کیا اور موقع پر موجود طبی عملے کو ہدایت دی کہ ایسے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے یو سی ایم او ڈاکٹر سہیل غوری اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کی یہ ٹیم صوبہ سندھ میں انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کی مثال بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر ثاقب شیخ نے کہا کہ کراچی میں صحت عامہ کی بہتری ہمارا مشترکہ مشن ہے۔ جب تک ایک بھی بچہ غیر محفوظ ہے، ہماری ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔ ہمیں فیلڈ میں اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنا ہے تاکہ پولیو کو ہمیشہ کے لیے شکست دی جا سکے۔
محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ ورکرز نے ڈاکٹر ثاقب علی شیخ کے دورے کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی اور موجودگی ٹیموں کے لیے عزم و حوصلے کی نئی مثال ہے۔


