کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں جشنِ آزادی کے موقع پر ایک رنگا رنگ دو روزہ میلے کا شاندار انعقاد کیا گیا، جو حب الوطنی، ثقافتی ورثے اور نوجوانوں کے جوش و خروش کا بہترین مظہر بن گیا۔
یہ میلہ وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء، خصوصاً بنیان المرصوص اور معرکۂ حق کے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔ آزادی میلہ نہ صرف تفریحی سرگرمیوں کا مجموعہ تھا بلکہ اس کا مقصد طلباء میں قومی شعور اجاگر کرنا بھی تھا۔
تقریب کا باقاعدہ افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے پرنسپل سندھ میڈیکل کالج ڈاکٹر امبرین عثمانی کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جشنِ آزادی کے شایانِ شان انتظامات کرنے پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سہراب زمان اور آرگنائزنگ کمیٹی کی محنت کو سراہا۔
میلے میں مختلف ثقافتی اور قومی رنگ لیے اسٹالز، روایتی ملبوسات، کھانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں نے شرکاء کو بھرپور مصروف رکھا۔ قومی نغموں کی گونج اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار نے پورے کیمپس کو جشنِ آزادی کے حقیقی رنگوں سے مزین کر دیا۔
طلبہ کی جوش و خروش سے بھرپور شرکت نے اس میلے کو ایک یادگار اور تاریخی موقع میں بدل دیا، جہاں حب الوطنی اور تفریحی سرگرمیاں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔