کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 14 اگست کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ “آزادی میلہ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، طبی عملے اور مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس میلے کا مقصد پاکستان کے یومِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عملے میں قومی جوش و جذبہ پیدا کرنا تھا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف سندھ کے صدر اسد اللہ سامٹیو، سیکریٹری انفارمیشن سندھ امیر علی دینداری، سیکریٹری انفارمیشن کراچی ڈویژن محمد نوید انور، صدر جناح اسپتال یونٹ ساجد مغل، اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی صدر اسمہ مہر سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوئے۔
آزادی میلہ میں مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں ملی نغمے، روایتی ملبوسات کی نمائش، فوڈ اسٹالز اور بچوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں شامل تھیں۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیرا میڈیکل کمیونٹی ملک کی خدمت میں پیش پیش رہے گی۔