اسلام آباد : سینئر بیوروکریٹ حامد یعقوب شیخ کو وزارت قومی صحت، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن (NHSR&C) کا نیا وفاقی سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کر دیا۔
یہ تقرری اپریل 2025 میں سابق سیکریٹری ندیم محبوب کے تبادلے کے بعد تین ماہ سے خالی اس عہدے پر عملدرآمد کے بعد کی گئی ہے۔ اس دوران اسپیشل سیکریٹری وقار الحسن وزارت کے امور کو اضافی چارج کے تحت دیکھ رہے تھے۔

حامد یعقوب شیخ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے سینئر افسر ہیں اور وفاقی و صوبائی سطح پر مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وزارت قومی صحت خدمات کو اس وقت مختلف قومی پروگراموں کی نگرانی کا چیلنج درپیش ہے، جن میں پولیو کے خاتمے کی مہم، ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام، اور ہیپاٹائٹس ایلیمینیشن انیشی ایٹو شامل ہیں۔ ان کے علاوہ، حفاظتی ٹیکہ جات، ماں و بچے کی صحت، اور فارماسیوٹیکل ریگولیشن کے شعبے بھی وزارت کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔