کوئٹہ : بلوچستان میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مؤثر بنانے کی ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ای پی آئی بلوچستان نے ڈاکٹر کمالان گچکی کی قیادت میں سات اضلاع میں 40 تربیت یافتہ فیلڈ مانیٹرز تعینات کر دیے ہیں۔ یہ اقدام سپورٹ ٹو روٹین امیونائزیشن پروگرام (SRIP) کے تحت عمل میں آیا ہے، جسے سینٹر آف ایکسی لینس ان وومن اینڈ چائلڈ ہیلتھ، آغا خان یونیورسٹی اور گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت حاصل ہے۔
یہ تعیناتی 150 ویکسی نیٹرز کی کامیاب بھرتی کے بعد، انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرتے ہوئے بلوچستان کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ فیلڈ مانیٹرز کا بنیادی مقصد 600 ویکسی نیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا، فیلڈ آؤٹ ریچ کی نگرانی، قابلیت کا اندازہ لگانا، اور ان علاقوں میں ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانا ہے جہاں رسائی مشکل رہی ہے۔
اس منصوبے کے تحت فیلڈ مانیٹرز ہر ویکسی نیٹر کے لیے ماہانہ ایک دن وقف کریں گے، اور ریئل ٹائم فیڈ بیک کی بنیاد پر کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد کریں گے۔ اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی سے قبل تمام فیلڈ مانیٹرز کو ایک جامع 4 روزہ تربیتی پروگرام میں شریک کیا گیا، جس کا اختتامی سیشن ایک خصوصی تقریب میں منعقد ہوا۔
اختتامی تقریب میں ای پی آئی بلوچستان کے پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کمالان گچکی نے خصوصی خطاب کیا اور فیلڈ مانیٹرنگ کو حفاظتی ٹیکوں کی کوریج بہتر بنانے کے لیے “ریڑھ کی ہڈی” قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بلوچستان میں ہر بچے کو زندگی بچانے والی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب ایک عملی اور مؤثر قدم ہے۔ ہم منظم نگرانی، تربیت یافتہ افرادی قوت، اور بروقت فیڈبیک کے ذریعے حفاظتی ٹیکوں کی بلند کوریج حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹر گچکی نے مزید کہا کہ اگر یہ ماڈل کامیابی سے ہمکنار ہوا تو دیگر اضلاع میں بھی اس کو وسعت دی جائے گی، تاکہ بلوچستان بھر میں حفاظتی ٹیکوں کا معیار اور رسائی مزید بہتر بنائی جا سکے۔
تقریب میں آغا خان یونیورسٹی کے SRIP پروگرام کے سربراہ امتیاز حسین، محکمہ صحت بلوچستان، ایمرجنسی آپریشن سنٹر، یونیسف، ڈبلیو ایچ او، گاوی ویکسین الائنس، اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔
بلوچستان میں اس وقت صحت کے شعبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، مگر ڈاکٹر کمالان گچکی جیسے پرعزم قائدین کی قیادت میں ای پی آئی بلوچستان نہ صرف جدید اقدامات متعارف کروا رہا ہے بلکہ زمینی سطح پر ان کی مؤثر عمل درآمد کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔