شنگھائی : چین میں جین ایڈیٹنگ دوا کے ذریعے 4سالہ پاکستانی بچی کا کامیاب علاج کر لیا گیا ہے جس کے بچی نارمل زندگی گزار سکے گی ۔ چار سالہ پاکستانی بچی عائزہ تھیلیسیمیا میجر میں مبتلا تھی اور اس کےوالدین اسے جنوری میں چین لے کر گئے تھے ۔
شنگھائی کے فودان یونیورسٹی چلڈرن اسپتال میں اس کا علاج کیا گیا اور CS-101 نامی بیس ایڈیٹنگ دوا استعمال کی گئی، اس دوا کے استعمال کے بعد عائزہ جسے زندہ رہنے کے لئے انتقال خون پر انحصار کرنا پڑتا تھا اب خون کے قدرتی نظام کے ساتھ نارمل زندگی کی طرف لوٹ رہی ہے ۔
یہ ٹیکنالوجی پہلی بار کسی غیر ملکی نابالغ پر استعمال کی گئی اور کامیاب علاج پر فودان یونیورسٹی چلڈرن اسپتال میں بچی کی صحت یابی کی خوشی میں تقریب کا انعقاد بھی کیاگیا، جس میں بچی کے والدین ، علاج کرنے والے ڈاکٹرز، عملے اور انتظامیہ نے شرکت کی اور کیک کاٹا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق عائزہ پہلی غیر ملکی نابالغ ہے جس پر یہ دوا استعمال کی گئی ، اس سے قبل 4 مریضوں نے یہ تھراپی حاصل کی تھی لیکن عائزہ ان میں سب سے کم عمر ہے ۔ جین ایڈیٹنگ تھراپی کی کامیابی سے دنیا بھر میں اس مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے امید کی کرن جاگ گئی ہے۔
عائزہ کے والد محمد عدیل نے گفتگو میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عائزہ ان کی تین بیٹیوں میں سے دوسرے نمبر پر ہے ان کی باقی بچیاں بالکل صحت مند ہے لیکن عائزہ کو تھیلیسیمیا میجر تھا جس کا کامیاب علاج ہو گیا ہے۔