بدھ, جون 25, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

قانون کی دھجیاں ، نیو کراچی اسپتال کا 7 گریڈ کا لیب اسسٹنٹ ضلع وسطی میں 17 گریڈ کا سرویلینس ڈیٹا آفیسر بن گیا ، محکمہ صحت خاموش

کراچی : سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کے لیب اسسٹنٹ کی ڈی ایچ او سینٹرل میں غیر قانونی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیو کراچی اسپتال کے لیب اسسٹنٹ ارسلان بیگ کو غیر قانونی طور پر آسائن ٹو ورک کیا گیا پھر ضلع وسطی میں انہیں سرویلینس ڈیٹا فوکل پرسن جیسے اہم عہدے پر تعینات کر دیا گیا لیکن وہ تاحال اپنی تنخواہ نیو کراچی اسپتال سے حاصل کر رہے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ارسلان بیگ نے سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر علی انجم سے ساز باز کرکے اپنا آڈر کرایا تھا حالانکہ لیب اسسٹنٹ کی آسامی 7 گریڈ کی ہے جبکہ سرویلنس ڈیٹا فوکل پرسن کی آسامی 17 گریڈ کی ہے۔ کم گریڈ کے ملازم کو ویسے بھی اوپر کے گریڈ پر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی اور یہاں تو دونوں آسامیوں کے کام کی نوعیت بھی الگ ہے جو آؤٹ آف کیڈر کے زمرے میں آتا ہے۔

اس ضمن میں محکمہ صحت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اس معاملے سے لاعلم ہے اور اسائن ٹو ورک اور تعیناتی کا آڈر خاموشی سے کیا گیا جس کو کافی عرصہ ہوگیا ہے اور نیو کراچی اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حسین جھتیال اس معاملے سے لاعلم ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم ایس معاملے کا علم ہونے پر اسائن ٹو ورک کا آڈر کینسل کر دیں گے ورنہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ثاقب شیخ یہ آڈر منسوخ کر دیں گے۔