کراچی : سیکرٹری صحت سندھ نے جعلسازی کے ذریعے جونیئر کلرک بننے والے وارڈ سرونٹ سید سعد حسین کی سروس بک اور ملازمت کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ ہیلتھ ٹائم کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت نے تحقیقات کا حکم دیا جس پر سیکشن افسر پیرا میڈیکل سیکشن ڈاکٹر اسد کھتری کی جانب سے ریکارڈ طلبی کا آڈر نکالا گیا۔

سات فروری 2025 کو جاری کے گئے لیٹر نمبر ایس او پی ایم ٹو ایم آئی ایس سی 2025 کے تحت ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب شیخ کو ہدایت کی گئی ہے کہ گریڈ 2 کے وارڈ سرونٹ سے گریڈ 11 میں بحیثیت جونیئر کلرک غیر قانونی ترقی پانے والے ملازم سید سعد حسین کی سروس پروفائل و سروس ریکارڈ سمیت تمام کاغذات دفتر ہذا کو جمع کرائے جائیں تا کہ قانون اور ضابطے کے مطابق ضروری اقدامات کیے جایئں۔
یاد رہے کہ 2 گریڈ کے وارڈ سرونٹ سید سعد حسین کو سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکراچی ڈاکٹر عبدلحمید جمانی نے ریٹائرمنٹ کے آخری روز غیر قانونی ترقی کی تھی جس کا انکشاف ہیلتھ ٹائم نے 28 جنوری 2025 کو کیا تھا اس معاملے کا سیکریٹری صحت نے نوٹس لیا اور ریکارڈ طلب کرایا۔ ہیلتھ ٹائمز کی جانب سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب شیخ سے ریکارڈ کی حوالگی کے حوالے سے موقف لیا جائے گا۔