لاہور : وزیر اعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں منسٹر کمپلینٹ سیل کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کے ہمراہ شکایت سیل کا افتتاح کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور سی اوز ہیلتھ دفاتر میں نمایاں جگہوں پر شکایت سیل کے رابطہ نمبر پر مشتمل بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔منسٹر کمپلینٹ سیل کے ٹال فری نمبر 8609489-0332 پر شہری شکایت درج کرا سکیں گے۔شکایت فوری پر متعلقہ ضلع کے افسر کو بھجوا کر 24 سے 48 گھنٹے میں مسئلے کا حل یقینی بنایا جائے گا۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور گھروں پر ادویات کی فراہمی کا سفر شروع کر دیا گیا ہے۔65 لاکھ کے قریب لوگوں کو ان کے گھروں پر ادویات اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر چکے ہیں۔استفادہ کرنے والوں میں زیادہ تعداد ان افراد کی ہے جنہوں نے آج تک اپنا میڈیکل چیک اپ ہی نہیں کروایا۔انہوں نے کہا کہ انسولین فراہمی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، ڈائلاسز کارڈ بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔بنیادی مراکز صحت کو فل کپیسٹی پر چلانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ 150 بنیادی ہیلتھ مراکز کو آؤٹ سورس کرکے مریم نواز ہیلتھ کلینک قائم کئے جارہے ہیں جہاں پروفیشنل ڈاکٹرز کے ذریعے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ خواجہ عمران نذیر نے ادویات کی خریداری کے حوالہ سے کہا کہ کرپشن روکنے کے لئے غیر ضروری لوکل پرچیز سے کروڑوں روپے کے اخراجات بچائے گئے ہیں۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ 1500 سے زائد ڈاکٹرز پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کئے جارہے ہیں۔جنوری کے آخر تک کوئی ایسا ہسپتال نہیں ہو گا جہاں ڈاکٹر میسر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹرز خود مختار کرنا اور ہیلتھ سسٹم کی اپگریڈیش میری اولین ترجیح یے۔مریم نواز ہیلتھ کلینک کے لئے مقامی ڈاکٹرز کو ترجیح دیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں سے اربوں روپے کی چوری کے نیٹ ورک پر سخت ہاتھ ڈالا گیا ہے۔دوائی چوروں کے ساتھ بالکل بے رحم ہوں گے، کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے کہا کہ 589 کنسلٹنٹ بھرتی کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھجوادی گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ 10 سالوں سے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز بھرتی نہیں ہوئے۔ اب ماہر اور تربیت یافتہ ٹیکنیشنز بھرتی کر رہے ہیں، نادیہ ثاقب نے واضح کیا کہ مراکز صحت میں تعینات ڈاکٹرز، عملہ بے روزگار نہیں کیا جائے گا انہیں نزدیکی ہسپتال میں تعینات کریں گے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ غیر ضروری آسامیاں ختم کریں گے، صرف پروفیشنل، تکنیکی، تربیت یافتہ عملہ بھرتی کیا جائے گا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آپریشن عون عباس بخاری، ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر قلندر خان، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی اور ڈاکٹر شاہجہان بھی موجود تھے۔