جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈسٹرکٹ ویسٹ میں درجنوں گھوسٹ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا انکشاف، سہولت کاری میں سید کامران قادری ملوث

ڈسٹرکٹ ویسٹ میں درجنوں گھوسٹ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا انکشاف ہوا ہے۔ بغیر ڈیوٹی سرانجام دیئے بڑی تعداد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر بیٹھے تنخواہ وصول کر رہی ہیں۔ یہ سہولت حاصل کرنے کے لئے انہیں اپنی آدھی تنخواہ بطور رشوت دینی پڑتی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے لیب ٹیکنیشن سید کامران قادری آدھی تنخواہ کے عوض ان خواتین کو رعایت دیتے ہیں اور بدلے میں حاضری رجسٹر میں ان کی حاضریاں لگاتے ہیں۔ اس غیر قانونی کام میں انہیں اعلیٰ افسران کی معاونت اور سرپرستی حاصل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ میں سینکڑوں لیڈی ہیلتھ ورکرز ہیں جن میں سے درجنوں غائب ہیں۔ ان کے نام پر جاری ہونے والی ادویات و دیگر سامان بھی ہڑپ کیا جاتا ہے جبکہ انہیں فراہم کرنے والا پیٹرول بھی سید کامران قادری خود اور افسران بالا میں تقسیم کر دیتے ہیں۔

ذرائع کا مذید کہنا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کے اعشاریے بھی اس لئے بہتر نہیں ہو رہے کیونکہ گھر گھر ادویات پہنچانے اور ماں کی صحت سے متعلق آگہی دینے والی تربیت یافتہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کرنے کے بجائے گھروں میں آرام کر رہی ہیں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن اس جرم میں برابر کی شریک ہے جس نے آدھی تنخواہوں کے عوض خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

دوسری جانب گھوسٹ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے باعث فرض شناس لیڈی ہیلتھ ورکرز پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور انہیں فرائض منصبی کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سے معاملے کا نوٹس لینے اور سید کامران قادری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔