لاہور ( محمد صابر اعوان) لاہور سمیت پنجاب کے کسی بھی شہر میں کورونا کا تاحال کوئی کیس روپورٹ نہیں ہوااور نہ ہی نئے ویرینٹ کا کوئی کیس سامنے آیا ہے تاہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا کی ٹیسٹنگ بڑھا دی ہے جس کےبعد روزانہ ایک ہزار سے زائد مشتبہ مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کےمطابق سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں نمونیہ اور انفلنزا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا تاہم محکمہ صحت کے ذرائع کےمطابق ابھی تک لاہور سمیت پنجاب کسی بھی شہر سے کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہو ا تاہم دنیا کے مختلف ممالک میں کووڈ 19کے نئے ویرینٹ جے این ون کے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے جس کےبعد محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر میں پہلےسے جاری کورونا کی ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔
اس وقت لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ مریضوں کے روزانہ ایک ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جو دیگر صوبوں کےمقابلے میں زیادہ ہیں جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت نے کی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر امریکا سے کووڈ ویکسین کی 2لاکھ ڈوززمنگوا لی ہیں جن کی آمد چند دنوں میں متوقع ہے۔
حکام کے مطابق نئی فائزر کووڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی مہینے مل جائیں گی فائزر کی نئی ویکسین کووڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہےجوحجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی ذرائع کے مطابق پنجاب سمیت پاکستان بھر میں کہیں بھی ابھی تک کووڈ19کے نئے ویرینٹ جے این ون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔